کراچی،19جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے چیف سلیکٹر اور سابق کپتان انضمام الحق نے بین الاقوامی کرکٹر یونین (فیکا)سے پاکستان میں ایک وفد بھیج کر سیکورٹی حالات کا جائزہ لینے کو کہا ہے تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ اب پاکستان میں حالات کھیلنے کے قابل ہیں یا نہیں۔سری لنکا کی ٹیم پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ میچوں کا انعقاد بند ہو گیا۔اس دہشت گردانہ حملے کے بعد سے دنیا کی کوئی بھی ٹیم سیکورٹی وجوہات کے سبب پاکستان میں کھیلنے کی دعوت قبول نہیں کرتی. اس کے چلتے پاکستان کو اپنی گھریلو سیریز مہمان ٹیموں کے ساتھ دبئی میں کھیلنی پڑ رہی ہیں۔اسی وجہ سے پاکستان ہی واحد ایسا ملک بن چکا ہے، جس نے نیوٹرل وینیو پر سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔
انضمام نے اسلام آباد میں میڈیا سے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ وہ یہاں آئیں گے تو انہیں خود ہی پتہ چل جائے گا کہ پاکستان میں سیکورٹی حالات کافی بہتری ہوئی ہے اور یہ بین الاقوامی کرکٹ کے انعقاد کے لئے محفوظ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2009سے انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے کافی نقصان ہوا ہے۔انضمام نے کہاکہ فیکا کو سمجھنا چاہئے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اگر لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کی سوچ رہا ہے یا ویسٹ انڈیز کو کچھ میچ کھیلنے کی دعوت دے رہا ہے، تو یہ حکومت کی منظوری کے بعد ہی ہو رہا ہے۔